ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا نئی سیاسی جماعت بنانے، لاڑکانہ سے الیکشن لڑنے کا عندیہ

Published On 29 July,2025 06:48 pm

کراچی :(دنیا نیوز) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ لاڑکانہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے اور فاطمہ بھٹو کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کریں گے۔

شہر قائد کے علاقے 70 کلفٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا کہنا تھا  کہ لیاری کے عوام سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں تقریباً 150 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں، آج بغدادی واقعے کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یہاں موجود ہیں، مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت متاثرین کو فوری طور پر رہائش فراہم کرے۔

انہوں نے کہا  کہ ہم پارٹی کے نام پر غور کررہے ہیں، موقع ملا تو لاڑکانہ کے بعد لیاری سے الیکشن لڑوں گا، لیاری کے عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، مگر آج کے لیاری کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، لیاری میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، انہیں ایل ڈی اے کی سکیم 42 میں جگہ دی جانی چاہیے، اگر آپ شاہراہ بھٹو بنا سکتے ہیں تو لیاری کے لوگوں کو گھر کیوں نہیں دے سکتے؟

بھٹو کے پوتے کا کہنا  تھا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی کوئی پشت پناہی حاصل نہیں، میں اپنے بل بوتے پر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا ہوں، فاطمہ بھٹو جلد پاکستان آئیں گی، اور وہ ان کے ساتھ مل کر نئی جماعت کا باضابطہ اعلان کریں گے، جبکہ یوتھ ونگ بھی ہمارے ساتھ ہوگا۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ ہم عوامی ترقی کو واپس لائیں گے، مگر ایسی ترقی نہیں جیسے شاہراہ بھٹو جیسی نمائشی منصوبے، ہم ملک کے ہر صوبے کا دورہ کریں گے، ہر وڈیرہ ایک جیسا نہیں ہوتا، میں خود بھی ایک وڈیرہ ہوں، مگر آپ کے سامنے کھڑا ہوں، آئین کا تحفظ ضروری ہے اور اسے اصل شکل میں بحال کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو شہید کے نظریات سے منحرف نہیں ہو رہے، بھٹو صاحب نے لیاری کے لیے ماسٹر پلان بنایا تھا، وہ لیاری کو پیرس بنانا چاہتے تھے، ہم پیرس کی کاپی تو نہیں کریں گے مگر لیاری کو خوبصورت ضرور بنائیں گے، زرداری لیگ اور پی ٹی آئی کے نمائندے اقتدار میں آ کر صرف لوٹ مار کرتے ہیں۔