کراچی میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، بجلی کی فراہمی معطل

Published On 19 August,2025 09:10 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، موسلادھار بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سندھ کے مختلف حصوں پر تاحال موجود ہے۔

گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ ہے، جو آج صبح تیز برسات میں بدل گیا۔

شہر کے مختلف علاقوں طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن سکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ایئرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، سکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن میں بھی بادل برسے، اس کے علاوہ  نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث شہر قائد کی سڑکوں پر جمع پانی ہوگیا، متعدد موٹر سائیکل خراب ہوگئیں، عوام کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

شہر قائد میں بارش کے بعد 350 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، گلشن اقبال بلاک 13 ڈی اور سی،اولڈ سٹی ایریا، صدر،گارڈن، ناظم آباد، کورنگی، لیاقت آباد، لائنزیا ایریا، حیدر آباد کالونی میں بجلی کی فراہمی بند ہوئی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت چند نشیبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی بند کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ میں شدید بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔