کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
گلشن اقبال، حسن سکوائر، ناظم آباد میں بادل خوب برسے، شارع فیصل، نرسری، یونیورسٹی روڈ ، صدر، کالا پل، گلشن اقبال میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔
مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہی، گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں، بارش کے باعث 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا، متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تمام ادارے بارش کے دوران مکمل متحرک رہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر اور فعال رکھا جائے، حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، نواب شاہ شہر اور گردونواح میں آندھی اور بارش ہوئی، گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔