اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا نے کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی۔
امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ امریکا دہشتگردی کیخلاف جدوجہد میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کیلئے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر زوردار دھماکا ہوا تھا جس میں 10 افراد شہید ہو گئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ خودکش حملہ آور کے علاوہ پانچ دہشت گردوں کو مارا گیا، دہشت گردوں کے حملےمیں 2 ایف سی جوان زخمی بھی ہوئے، حملہ آور بھی ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، سب مارے گئے، بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔