اسلام آباد:(دنیا نیوز) پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم تنویر نے کہا کہ پورا نظام فیل ہو چکا ہے، مسائل کا حل چھوٹے چھوٹے صوبے بنانا ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری چاہتی ہے کہ معیشت ٹھیک ہو،ہم فیلڈ مارشل سے ملے ہیں ،وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، کچھ عناصر ہیں جو اس راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ بڑھ رہا ہے، تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالرز تک پہنچ چکا ہے۔
پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ اِن مسائل کا حل کاروبار ہے، بجٹ کا 25 فیصد ضائع ہو رہا ہے،تعلیم اور صحت پر خرچ کیا جانیوالا بجٹ کسی کو نظر آتا ہے ؟ تعلیم اور صحت پر 3.2 ٹریلین روپے خرچ ہو رہے ہیں،اس بجٹ کا کوئی نتیجہ نظر نہیں آتا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے پورا نظام فیل ہو چکا ہے، نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، جب تک اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوں گے مسائل حل نہیں ہوں گے، ان مسائل کا حل چھوٹے چھوٹے صوبے بنانا ہے، ہر ڈویژن کو صوبہ کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اتنے بڑے بڑے صوبے ایک وزیر اعلیٰ سے نہیں سنبھالے جا سکتے، ہم اپنے بچوں کو تعلیم اور صحت نہیں دے سکتے، حکومت اُن لوگوں کو پکڑے جو ٹیکس ادا نہیں کر رہے،اتنے بھاری ٹیکسز پر کاروبار نہیں چل سکتے۔