آستانہ : ( ویب ڈیسک ) ڈیوس کپ جونیئر ایشیا اوشیانا کا آغاز آج سے قازقستان کے شہر شمکنٹ میں ہوگا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن ( پی ٹی ایف ) کے ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ میں حصہ لینے والی قومی ٹیم نعمان الحق (کپتان)، نادر رضا مرزا (کھلاڑی)، حمزہ رومان (کھلاڑی) اور ابوبکر طلحہ (کھلاڑی) پر مشتمل ہوگی۔
پی ٹی ایف کے صدر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ محنت، لگن اور جذبے کا ہمیشہ صلہ ملتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود جونیئرز کی ترقی اور بین الاقوامی ایونٹس میں ان کی شرکت پی ٹی ایف کی ترجیحات میں شامل ہے۔
چھ روزہ ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹیموں میں قازقستان، آسٹریلیا، ملائیشیا، پاکستان، سنگاپور، چائنیز تائپے، ہانگ کانگ، بھارت، انڈونیشیا، ایران، جاپان، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، تھائی لینڈ، ازبکستان اور ویتنام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ڈیوس کپ جونیئرز 16 سال اور اس سے کم عمر کے لڑکوں کے لیے ایک اہم بین الاقوامی ٹیم ٹینس ٹورنامنٹ ہے، یہ ٹورنامنٹ پہلی بار انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ( آئی ٹی ایف ) نے 1985 میں انڈر 16 ورلڈ کپ کے نام سے منعقد کیا تھا۔