لندن : ( دنیا نیوز ) آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس کلائی کی انجری کے باعث ومبلڈن 2023 سے دستبردار ہو گئے۔
28 سالہ کرگیوس گزشتہ سال فائنل میں سربیا کے معروف ٹینس سٹار نوواک جوکووچ سے ہار گئے تھے اور انجری کی وجہ سے انہوں نے اس سال صرف ایک ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔
کرگیوس نے گزشتہ شام فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے کہ مجھے اس سال ومبلڈن سے دستبردار ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سرجری کے بعد تیار رہنے اور ومبلڈن کورٹس میں دوبارہ قدم رکھنے کے قابل ہونے کی پوری کوشش کی لیکن اپنی واپسی کے دوران میں نے کلائی میں کچھ درد محسوس کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے انجری کی شکار کلائی کا احتیاطً سکین کرایا جس کے مطابق ابھی کچھ علاج درکار ہے، ومبلڈن سے پہلے میرے پاس اس کا انتظام کرنے کے لیے کافی وقت نہیں تھا، میں واپس آؤں گا اور ہمیشہ کی طرح میں اپنے تمام مداحوں کے تعاون کا معترف ہوں۔
یاد رہے کہ کرگیوس کو میگا ایونٹ میں 30 ویں سیڈ حاصل تھی اور انہیں ابتدائی راؤنڈ میں بیلجئم کے ڈیوڈ گوفن کا سامنا کرنا تھا۔