سیکرٹری بیس بال فیڈریشن سید فخر شاہ پر پابندی عائد

Published On 22 October,2025 04:30 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری سید فخر شاہ پر غیر معینہ مدت تک پابندی عائد کردی۔

پی ایس بی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فخر شاہ باربارپی ایس بی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا ان پر غیر معینہ مدت تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ بغیر این او سی کوئی بھی کھیلوں کے مقابلوں کےلیے ملک سے باہرنہیں جاسکتا مگر فخر شاہ نے پی ایس بی کی اجازت کے بغیر ٹیموں کی بیرون ملک روانگی میں سہولت فراہم کی۔

پی ایس بی کا کہنا ہے کہ بیس بال فیڈریشن نے اگست میں ملائیشیا اور چائنیز تائی پے میں تقریبات میں شرکت کی اور وزارت خارجہ کی جعلی این او سی جمع کرائی۔

پی ایس بی کے مطابق فخر شاہ کا 9 ستمبرکے شوکاز نوٹس کا جواب قابل قبول نہیں لہٰذا اب وہ کھیلوں کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے تاہم سید فخر شاہ کو 30 دن کے اندر اپیل کا حق حاصل ہے۔