خواتین کو تیزاب گردی سے بچانے والا میک اپ ایجاد

Last Updated On 28 October,2018 08:55 pm

لندن: (ویب ڈیسک) خواتین پر تیزاب پھینک کر چہرہ بگاڑ دینا اور ساری زندگی کیلئے نہ ختم ہونے والی اذیت میں مبتلا کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے ایک خاتون ڈاکٹر نے ایسا میک اپ تیار کیا ہے جو تیزاب پھینکے جانے کے باوجود خواتین کا چہرہ جھلسنے سے بچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

 

رپورٹس کے مطابق مہذب دنیا کے اہم ترین ملک برطانیہ میں بھی خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد ایک مسلمان ماہر ڈاکٹر الماس احمد نے ایسا میک اپ تیار کیا ہے جو خواتین کو اس ہولناک حملے سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ 32 سالہ الماس احمد نے کہا کہ برطانوی ماڈل کیٹی پائپر پر تیزابی حملے کے بعد ایسے میک اپ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے ’ اکیریئر‘ نامی مرکب بنایا ہے جو تیزاب کے ساتھ تعامل نہیں کرتا۔ جس کے باعث الماس پرامید ہیں کہ یہ مرکب بہت آسانی کے ساتھ روایتی میک اپ، کریموں اور دھوپ سے بچانے والی لوشن میں ملایا جاسکتا ہے۔

الماس نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 برس سے ایسے میک اپ پر کام کررہی ہیں جو خواتین پر اچانک ہونے والے تیزابی حملے سے بچا سکے۔ پہلے مرحلے میں انہوں نے اسے ایک فاؤنڈیشن کریم میں ملایا اس کے بعد وہ اس مرکب سے سن سکرین اور موئسچرائزر بنائیں گی۔ ڈاکٹر الماس احمد کے مطابق ان کا کیمیکل 400 درجے سینٹی گریڈ تک حرارت برداشت کرسکتا ہے اور اس کی تیاری پر وہ اپنی جیب سے لاکھوں روپے خرچ کرچکی ہیں۔ انہیں امید ہے مجاز ادارے ان کی نئی ایجاد کو استعمال کرنے کی اجازت دے دیں گے۔

واضح رہے کہ لندن میں تیزاب گردی کے واقعات تیزی سے بڑھے ہیں اور 2016ء میں صرف لندن میں 450 افراد پر تیزاب پھینکا گیا جس کی وجہ مختلف جرائم پیشہ گروہوں کی باہمی چپقلش بتائی جاتی ہے، یہ شرح 2014ء کے واقعات کے مقابلے میں دگنا ہوگئی ہے۔