جھوٹ بول کر بونس لینے والے ملازمین پر نظر رکھنے کی ایپ تیار

Last Updated On 28 October,2018 08:51 pm

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) جاپان کی نجی کمپنی نے ایک ایسی موبائل ایپ تیار کر لی جس کے ذریعے ملازمین کی نیند پر نظر رکھی جاسکے گی۔

 جاپان کی نجی کمپنی نے گزشتہ ماہ ملازمین کو متنبہ کیا تھا کہ وہ دفتر میں چاق و چوبند رہنے کیلئے اپنی نیند پوری کر کے آیا کریں۔ انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو 6 سے 8 گھنٹے کی نیند پوری کرنے پر انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھاجس کے تحت انہیں اضافی بونس اور مفت کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر انعامات دئیے جاتے ہیں۔

شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کا انعقاد کرنیوالی کمپنی نے رات میں ہفتے میں کم از کم پانچ دن 6 گھنٹے نیند لینے پر پوائنٹس دینے کا اعلان بھی کیا تھا جس کے بعد ملازمین نے انعامات حاصل کرنے کیلئے جھوٹ کا سہارا بھی لیا۔

اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے ایک خصوصی ایپ تیار کی جسکی مدد سے نہ صرف ملازمین کے مقام کی نشاندہی کی جاسکے گی بلکہ اس کے ذریعے نیند لینے کی تفصیلات بھی جمع ہونگی، تمام ملازمین کے موبائل میں اس ایپ کو انسٹال کرنے کے بعد کمپنی نے سب کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفتر سے چھٹی کے بعد اپنی سمارٹ ڈیوائس میں انٹرنیٹ اور لوکیشن کھولے رکھیں۔ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سوتے وقت اس ایپ کو سٹارٹ کریں تاکہ اُن کی نیند کا دورانیہ اور گہرائی نوٹ کی جاسکے۔