چاند مشن 2024ء کے لیے رقم کا انتظام کیا جا رہا ہے: ناسا

Last Updated On 15 May,2019 03:27 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) چاند مشن کیلئے ناسا کا کہنا ہے کہ اس کے لیے رقم کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس مشن کے لیے ایک بلین 60 کروڑ ڈالر درکار ہونگے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس مشن کا نام ’آرتیمس‘ ہو گا اور اسے 5 سال بعد 2024ء میں خلا میں روانہ کیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ امریکی انتظامیہ نے خلائی مشن 2028 کی تاریخ میں 4 برس کی کمی کر کے پہلی مرتبہ خاتون خلا باز کو چاند کی سطح پر بھیجنے کا عہد کیا تھا۔

ناسا کے سربراہ جم برائڈنسٹائن کے مطابق خلائی گاڑی کی تیاری کیلئے ہمیں ایک ارب 60 کروڑ امریکی ڈالر کی اضافی ضرورت ہوگی۔ اضافی سرمایہ کاری ناسا کی جانب سے 2024ء تک چاند کی سطح پر انسان بھیجنے کی کوششوں کی ادائیگی کا حصہ ہے۔ چاند مشن کا نام آرتیمس یونانی افسانوی چاند کی دیوی اور اپولو کی جڑواں بہن کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: چاند پر شہر بسانے کی تیاریاں شروع

ناسا کا سالانہ بجٹ مجموعی طور پر 21 ارب 50 کروڑ ڈالر ہے اور مالی سال 2019 میں ایجنسی نے آرتیمس مشن کے 3 ضروری عناصر اوریون خلائی جہاز بنانے، اسپیس لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) ہیوی راکٹ اور لیونر اوربٹل مِنی اسٹیشن کی تیاری میں 4 ارب 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے۔

خیال رہے کہ امریکا نے اپولو پروگرام کے تحت 1969 اور 1972 کے درمیان 12 امریکی خلا بازوں کو چاند پر بھیجا تھا۔