نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں دوا کو اس کے حقیقی مقام تک پہنچانے کی سر توڑ کوششیں ہو رہی ہیں اور اب اس ضمن میں ایک مقناطیسی مائیکرو روبوٹ بنایا گیا ہے جو آنتوں کے اندر لڑھکتا چلاجاتا ہے اور حسبِ خواہش مقام پر اپنی دوا خارج کرتا ہے۔
پرڈو یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا تیارکردہ بہت چھوٹا مقناطیسی روبوٹ جو آنتوں کے اندر لڑھکتا رہتا ہے اور اسے جسم کے باہر مقناطیس سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
اس خوردبینی روبوٹ کے پیشِ نظر ٹیڑھی میڑھی آنتوں کے اندر کے غیرہموار راستے ہیں اور اسی وجہ سے یہ لڑھکتا ہوا آگے بڑھتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو بہتر بناکر پہلی مرتبہ اس کی آزمائش حیاتیاتی خلیات پر کی گئی۔
اس کے بعد ایک چوہے کی آنتوں میں یہ روبوٹ داخل کیا گیا۔ یہ روبوٹ پولیمر اور دھات سے بنایا گیا ہے جس میں کسی بیٹری کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ جسم سے باہر مقناطیس سے کنٹرول ہوتا ہے۔