پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کا ٹک ٹاک ایپ بحال کرنیکا فیصلہ

Published On 19 October,2020 03:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ پر سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کی طرف سے بے حیائی پر مبنی اور غیر اخلاقی ویڈیوز میں بار بار ملوث پائے جانے والے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی یقین دہانی کے بعد ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو ٹک ٹاک ایپ کے اکاؤنٹس میں مقامی قوانین کہ تحت تبدیلی لانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیال رہے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے 9 اکتوبر کو عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کی تھی۔