زہرہ کے بادلوں میں زندگی کا ایک اور اہم ثبوت دریافت

Published On 19 October,2020 11:45 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سیارہ زہرہ کی فضاؤں میں زندگی سے تعلق رکھنے والا ایک اہم سالمہ ‘‘گلائسین’’ دریافت کرلیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سادہ ترین امائنو ایسڈ ہے جو زمینی جانداروں کے تیار کردہ پروٹینز میں عام موجود ہوتا ہے۔ بھارتی ماہرین کا یہ تحقیقی مقالہ ‘‘آرکائیو ڈاٹ آرگ’’ کی پری پرنٹ ویب سائٹ پر شائع ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی تک اس دعوے کو دیگر ماہرین نے درست ہونے کی باقاعدہ سند نہیں دی۔ 

مدناپور سٹی کالج مغربی بنگال کے اریجیت منّا، منگل ہزرا اور انڈین سنٹر فار سپیس فزکس کولکتہ کے سبیاساچی پال نے اپنی مشترکہ تحقیق میں کہا کہ یہ دریافت انہوں نے سیارہ زہرہ کے طیفی مطالعات کی بنیاد پر کی ہے لیکن اسے تب تک قابلِ بھروسہ نہیں سمجھا جا سکتا کہ جب تک دیگر ماہرین بھی اس کا تنقیدی جائزہ لے کر اسے درست قرار نہ دے دیں۔

بھارتی سائنسدانوں نے اپنے تحقیقاتی مقالے میں سیارہ زہرہ پر زندگی کا امکان ظاہر کرنے کی کوشش میں ایک اور نقطہ شامل کیا ہے کہ زمین پر 4 ارب سال پہلے زندگی کا ارتقا جس درجے پر تھا شاید اسی طرح زہرہ پر ابتدائی مراحل میں ہے۔