فیس بک کا مصنوعی ذہانت پروگرام 100 زبانوں میں ترجمہ کر سکتا ہے

Published On 20 October,2020 12:58 pm

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) فیس بک کا مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مشتمل پروگرام 100 زبانوں میں ترجمہ کرنے کا حامل ہے، اس طرح اَن جانی زبانوں میں کی گئی پوسٹ کو بآسانی اردو میں ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بک ماہرین نے ترجمے کے عمل کو مؤثر بنانے کیلئے 100 زبانوں کے 7 ارب سے زائد جملے اکٹھے کئے اور مشین لرننگ الگورتھم میں استعمال کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے صارفین کی بڑی تعداد انگریزی جانے بغیر ہی دیگر خطوں میں بولی جانے والی زبانوں کا اپنی مادری زبان میں ترجمہ کرنا چاہتے ہیں۔

فوری ترجمہ یقینی بنانے کیلئے زبانوں کو آپسی یکسانیت کی بنیاد پر 14 گروہوں میں بانٹ دیا گیا، بعد ازاں مصنوعی ذہانت کے نظام کو ان زبانوں کے ترجمے کی باربار تربیت دی گئی جس سے مذکورہ نظام اپنا کام بخوبی انجام دینے کے قابل ہو گیا۔

ماہرین کو ایک بات حیران کرتی رہی کہ مصنوعی ذہانت کے نظام نے بعض زبانوں کی دوسری زبانوں میں ترجمے کے انتہائی مثبت اثرات دیکھے جیسے انگریزی اور روسی زبان میں تراجم کافی حد تک درست ثابت ہوئے۔ جبکہ ہسپانوی اور پرتگالی زبانوں کے تراجم بھی بہت زبردست یعنی حقیقت کے کافی قریب دیکھے گئے۔

قابل غور امر یہ ہے کہ اگر فیس بک ان تمام دعووں کے باوجود اردو زبان کی انگریزی یا انگریزی کا اردو میں ترجمہ کرنے کے معیار میں بہتری نہیں لا سکی، اردو سے انگریزی میں ترجمہ کیا جائے تو بعض اوقات انتہائی غلط ترجمہ پڑھنے کو ملتا ہے جو لوگوں کے مابین رابطوں میں شدید قسم کی غلط فہمیاں جنم دینے کا سبب بن سکتا ہے۔