امریکی حکومت نے سرچ انجن گوگل کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا

Published On 20 October,2020 11:01 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکومت نے سرچ انجن گوگل کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ فلوریڈا اور ٹیکساس سمیت گیارہ ریاستیں بھی مقدمہ میں مدعی بن گئی ہیں۔

امریکی حکومت کی جانب سے دائر دخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گوگل نے سرچ انجن مارکیٹ پر اپنی اجارہ داری قائم کی ہوئی ہے۔ گوگل بڑی موبائل کمپنیز کو اربوں ڈالر دیتا ہے تاکہ دیگر کمپنیز سے معاہدہ نہ کریں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ گوگل کمپنی امریکا میں اسی فیصد سرچ انجن مارکیٹ کو کنٹرول کرتا ہے۔ گوگل کمپنی کی اجارہ داری کاروباری مسابقت کی روح کے خلاف ہے۔

خیال رہے کہ گوگل کا مقصد عام صارفین کو انٹرنیٹ پر کسی بھی موضوع پر درکار مواد تلاش کرنے کے لئے سرچ انجن مہیا کرنا ہے۔ اسی وجہ سے گوگل کو مقبولیت حاصل ہوئی اور آج بھی یہ دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ انجن ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ گوگل نے خود کو بہت تبدیل کر لیا ہے اور آج کل یہ سرچ انجن کے علاوہ اور بھی کئی مختلف خدمات مہیا کر رہا ہے۔ ان میں گوگل میل، وڈیو شئیرنگ، گوگل پلس اور گوگل میپس کے علاوہ بھی بیسیوں دیگر خدمات شامل ہیں۔