وزرات آئی ٹی ہنرمندوں کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے: وفاقی وزیر امین الحق

Published On 21 October,2020 04:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر امین الحق نے امریکی سرمایہ کاروں کو پیشکش کی ہے کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

تفصیل کے مطابق امریکی چارج ڈی افیئرز اینجیلا ایگلر نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں کے درمیان دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کیلئے کوشاں جبکہ تعلیمی شعبوں میں ہنرمندوں کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی پارکس، انکوبیشن سینٹرز کے قیام میں وزارت آئی ٹی کا نمایاں کردار ہے۔

امریکی چارج ڈی افئیرز کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برس میں پاکستان میں نمایاں تبدیلیاں دیکھیں۔ پاکستان میں شعبہ تعلیم، آئی ٹی سیکٹر، سافٹ ویئرز اور خواتین کے امور پر کام ہو رہا ہے۔

اینجیلا ایگلر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکی کمپنیوں کے درمیان باہمی روابط کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ دورہ پاکستان کا مقصد مختلف وزارتوں اور شعبوں کے ساتھ امریکی اداروں کے روابط قائم کرنا ہیں۔

امریکی چارج ڈی افئیرز اینجیلا ایگلر نے کہا کہ پاکستانی طالبعلموں کیلئے امریکی تعلیم اداروں کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خواہش ہے امریکی کمپنیاں پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی لائیں: وزیر اطلاعات

خیال رہے گزشتہ جمعرات اینجلا ایگیلر نے وزیر اطلاعات سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریگا اور اس بات کا خواہشمند ہے کہ یہ کمپنیاں ملک میں جدید ٹیکنالوجی لائیں گی۔ پاکستان باہمی مفاد کے لئے تمام شعبوں میں تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

اینجلا ایگیلر نے اس موقع پر کورونا کے چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک امریکا اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے وزیر اطلاعات کے نکتہ نظر کا خیر مقدم کیا۔

وزیر اطلاعات نے اینجلا ایگیلر کے اس نکتہ نظر سے اتفاق کیا کہ جہاں کورونا نے رابطے کے روایتی ذریعوں کو متاثر کیا ہے وہاں ڈیجیٹل روابط سمیت نئے ذرائع کو فروغ بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل رسائی سے جاری آن لائن کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل میں مدد ملی جو تجارت اور کاروبار کے لئے فائدہ مند ہے اور یہ ہمارے لئے سیکھنے کا ایک بڑا تجربہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے اینجلا ایگیلر کو بتایا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے بل پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد ذرائع ابلاغ کی آزادی کو مستحکم کرنا اور صحافیوں کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ذرائع ابلاغ کو وقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے تحت جدید بنانا چاہتے ہیں اور اس کیساتھ ساتھ ہم پاکستان آنیوالے عالمی ذرائع ابلاغ کا خیرمقدم بھی کرتے ہیں۔