لاہور: (دنیا نیوز) گوگل پاکستان سمیت ایشیا پیسفک ممالک میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلباء کو مفت گوگل اے آئی پرو پلان دے گا۔
گوگل کی جانب سے ایک سالہ سبسکرپشن بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی، پیشکش کا مقصد تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے،طلباء کو جدید اے آئی ٹولز اور فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی۔
جیمنائی 2.5 پرو ماڈل کے ذریعے ڈیپ ریسرچ اور جدید فیچرز دستیاب ہوں گے، گوگل ایپس میں اے آئی معاونت، جی میل، ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز اور میٹ میں سہولت دستیاب ہے، طلباء ای میلز کا خلاصہ، پریزنٹیشنز اور ڈیٹا تجزیہ زیادہ مؤثر طریقے سے کر سکیں گے۔
گوگل اعلامیہ کے مطابق نوٹ بُک ایل ایم سے ذاتی نوعیت کی تحقیق اور تحریر میں مدد ملے گی، ویڈیو اور تصاویر سے تخلیقی مواد تیار کرنے کے جدید ٹولز تک رسائی ہوگی، جیمنائی میں Veo 3 اور Flow جیسے فیچرز شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ طلباء کو 2 ٹی بی کلاؤڈ اسٹوریج مفت فراہم کی جائے گی، فائلز، نوٹس، اور پراجیکٹس محفوظ رکھنے کے لیے وافر گنجائش دستیاب ہوگی، ہر طالب علم کو جدید اے آئی ٹولز تک رسائی دینا ہمارا مشن ہے۔