ایک سال کے دوران وکی پیڈیا کے ٹریفک میں 8 فیصد کمی

Published On 20 October,2025 08:54 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی معلوماتی ویب سائٹ وِکی پیڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران اس کی ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً 8 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کی بڑی وجوہات اے آئی سرچ سسٹمز اور ویڈیو سوشل پلیٹ فارمز کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق وِکی پیڈیا نے بتایا ہے کہ پچھلے ایک سال میں اس کی ویب سائٹ کو دیکھنے یا پڑھنے والے انسانوں کی تعداد تقریباً 8 فیصد کم ہوگئی ہے۔

یہ کمی خاص طور پر پچھلے چند مہینوں میں سامنے آئی، جب وِکی پیڈیا نے اپنا سسٹم اپڈیٹ کیا اور معلوم ہوا کہ مئی اور جون میں ویب سائٹ پر آنے والا زیادہ تر ٹریفک دراصل خودکار مشینوں (بوٹس) کا تھا، انسانوں کا نہیں۔

وِکی پیڈیا کے مطابق ٹریفک کم ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اب سرچ انجن صارفین کو براہِ راست جواب دکھا دیتے ہیں، اس طرح لوگوں کو ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی، جس سے وِکی پیڈیا جیسی سائٹس پر آنے والے صارفین کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

اس کے علاوہ نوجوان اب معلومات حاصل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں، جہاں ویڈیوز دستیاب ہوتی ہیں اور وہ لنک کھولنے کے بجائے ویڈیوز دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

وِکی پیڈیا بنانے والی تنظیم وِکی میڈیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اگرچہ اب کم لوگ ویب سائٹ پر آ رہے ہیں، لیکن وہ اب بھی مختلف ذرائع سے وِکی پیڈیا کی معلومات حاصل کر رہے ہیں، یعنی لوگ ویب سائٹ پر کم جاتے ہیں، مگر معلومات تک ان کی رسائی برقرار ہے۔

تاہم، اس صورت حال کے کچھ منفی اثرات بھی ہیں، وِکی میڈیا فاؤنڈیشن کے مطابق اگر ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کی تعداد مزید کم ہوئی تو وہ رضاکار، جو وِکی پیڈیا کا مواد لکھتے اور اپڈیٹ کرتے ہیں، کم سرگرم رہ جائیں گے، اسی طرح چندہ دینے والے افراد کی تعداد بھی گھٹ سکتی ہے، جس سے ویب سائٹ چلانے کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو جائے گا۔

وِکی میڈیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں معلومات کے ذرائع کو زیادہ واضح بنانا شامل ہے تاکہ صارفین کو معلوم ہو کہ معلومات کہاں سے لی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ نئے قارئین تک پہنچنے کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں۔