ایران نے جوہری معاہدے پر نئے سمجھوتے کی پیشکش ٹھکرا دی

Last Updated On 30 April,2018 03:13 pm

امریکا اور سعودی عرب نے اتفاق کیا ہے کہ تہران پر جوہری معاہدے میں ترمیم کے لئے زور ڈالا جائے، ایران ترمیم کے لئے تیار نہ ہوا تو معاہدے سے نکل جائیں گے: امریکہ کی دھمکی

ریاض: (دنیا نیوز) ایران نے 2015ء میں ہونے والے جوہری معاہدے پر نئے سمجھوتے کیلئے فرانس کے صدر کی پیشکش ٹھکرا دی، امریکا اور سعودی عرب نے اتفاق کیا ہے کہ تہران پر جوہری معاہدے میں ترمیم کے لئے زور ڈالا جائے، امریکا نے دھمکی دے ڈالی کہ اگر ایران ترمیم کے لئے تیار نہ ہوا تو وہ معاہدے سے نکل جائے گا۔

ایران اور 7 عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی سمجھوتے میں ترمیم کیلئے امریکا زور دینے لگا جبکہ ایران نے ایٹمی معاہدے میں کسی قسم کی تبدیلی سے انکار  کر دیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں معاہدے میں ترمیم کے لئے مذاکرات میں شامل ہونے پر زور دیا۔ میڈیا کے مطابق تقریباً ایک گھنٹہ ہونیوالی گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ 7 عالمی طاقتوں کے ساتھ کئےموجودہ جوہری معاہدے پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

ایرانی صدر نے کہا ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ سلوک نے ایران کی بین الاقوامی ساکھ خراب کی ہے، اس لئے 2015ء میں ہونیوالے معاہدے میں امریکا کے شامل رہنے کی صورت میں بھی ترمیم ان کے لیے قابل قبول نہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب کے دورے پر گئے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے امریکا اور سعودی عرب نے اتفاق کیا ہے کہ ایران پر جوہری معاہدے میں ترمیم کے لئے زور ڈالا جائے، دارالحکومت ریاض میں سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انکا کہنا تھا اگر ایران نے معاہدے میں ترمیم پر اتفاق نہ کیا تو امریکا معاہدے سے نکل جائے گا۔