فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل میں مسلسل بارش نے شہر کو کئی فٹ پانی میں ڈبو دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوب مشرقی علاقوں میں کئی روز کی موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث گاڑیاں ڈوب گئیں، ٹریفک جام ہوگیا، شہر کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سکول جمعے تک کے لئے بند کر دیئے گئے، پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں سے نکالا جا رہا ہے، شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل کی سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، فورٹ لاڈرڈیل ہالی وڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 400 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، رن وے پر آنے والے پانی کو خشک کرنے کے لئے ایئرپورٹ آج کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق فورٹ لاڈرڈیل میں 24 گھنٹوں کے دوران 635 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو اب تک کی ہزار سالہ بارشوں میں سے ایک ہے۔
دوسری جانب فلوریڈا کے شہر میامی میں بھی پچھلے کئی دنوں سے بارش جاری ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں طویل خشک سالی کے ساتھ طوفانوں کی بڑھتی تعداد اور شدت موسمیاتی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہے۔