برسلز: (ویب ڈیسک) یورپین دارالحکومت برسلز میں منشیات سے متعلق بڑھتے ہوئے جرائم اور گینگ وار کے خلاف بیلجیئم کے وزیر اعظم بارٹ دی ویور نے اپنی قیادت میں ٹاسک فورس بنادی۔
اس ٹاسک فورس میں ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر انصاف سمیت کئی وزراء شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ وزیر داخلہ برنارڈ کوئنٹن اور وزیر انصاف اینیلیز ورلنڈن برسلز میں منشیات سے متعلق تشدد کے خلاف جنگ کے بارے میں وزراء کی کونسل کو رپورٹ کریں گے۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ کوئنٹن نے آگاہ کیا کہ اس موضوع پر کارروائی پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید پولیس افسران کو منشیات کی جنگ کے سب سے بڑے مرکز برسلز کی ایک میونسپل کمیٹی آندرلیخت کمیون میں بھیج دیا گیا ہے، میٹرو سروسز میں مزید لوگوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پیر سے برسلز کی فیڈرل جوڈیشل پولیس کو مزید 15 افراد سے تقویت دی جائے گی جبکہ گھڑ سوار پولیس بھی تعینات کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ یورپین دارالحکومت برسلز میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گینگ وار کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس میں کھلے عام ایک دوسرے کے علاوہ کئی گھروں پر بھی فائرنگ کی گئی ہے اس سے شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔