مودی حکومت معاشی طور پر مکمل ناکام ہو چکی ہے: کانگریس کمیٹی رپورٹ

Published On 10 June,2025 10:35 am

نئی دہلی : (دنیا نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر راجیو گوڈا نے مودی کے معاشی بیانیے کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مودی سرکار کے وعدوں کو زمین بوس کر دیا۔

راجیو گوڈا نے بی جے پی کے منشور پر مبنی دستاویزی رپورٹ پیش کی ہے جس کا عنوان ’’11 سال جھوٹے وکاس کے وعدے‘‘ ہے، اس میں مودی کے جھوٹوں کا پردہ چاک کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا مقامی دفاعی پیداوار کا دعویٰ مکمل ناکام ہو چکا ہے، بھارت کا اب بھی 40 فیصد دفاعی آلات کی درآمد پر انحصار ہے، مودی حکومت کے ’’مشن موڈ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن پروجیکٹ‘‘ کے تحت 55 میں سے 23 منصوبےتاخیر کا شکار ہیں۔

راجیو گوڈا نے کہا کہ مودی حکومت معاشی طور پر ناکام ہو چکی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں بھارت کی ترقی 6.5 فیصد ہے، جو کہ کووڈ کے بعد کم ترین سطح پر ہے، مودی حکومت کی عدم مساوات میں ایک فیصد اشرافیہ کے پاس 40 فیصد دولت، جب کہ 50 فیصد غریب طبقےکے پاس صرف 3 فیصد ہے، مودی سرکار کی اشرافیہ دوست پالیسیوں نے غریب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا بھوک انڈیکس میں 105واں نمبر ہے، مفت گندم کے باوجود بھارت میں بھوک کا طوفان ہے اور کھانے کو اناج نہیں ہے، غذائی کمی بھارتی بچوں کو خوفناک طریقے سے متاثر کر رہی ہے، ہر تیسرا بھارتی بچہ غذائی قلت کا شکار ہے، 32 فیصد سے زائد بھارتی بچے کم وزن کا شکار ہو چکے ہیں۔

راجیو گوڈا کے مطابق بی جے پی نے بھارت میں 700 قبائلی سکولوں کا اعلان کیا مگر 300 سکول غیر فعال ہیں، کیا سکول قائم کرنا اور چلانا راکٹ سائنس ہے؟ بھارت میں بے روزگاری 15 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، مودی کی جانب سے 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا مگرحقیقت میں ہاتھ خالی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کا خواب حقیقت میں وعدوں کا قبرستان ثابت ہوا ہے، بھارت کا ترقیاتی ماڈل اشتہار زیادہ، کام کم پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔