تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ کوئی تنازع چھڑتا ہے تو وہ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے ایران پر امریکی حملے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملے کی دھمکی دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ امریکا سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔
ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ امید ہے نوبت وہاں تک نہیں پہنچے گی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ حملے کی صورت میں امریکا کو اس خطے سے نکلنا پڑے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے تک پہنچنے کی امید اب کم ہوتی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا اپریل سے اب تک 5 بار مذاکرات کر چکے ہیں تاکہ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی جگہ ایک نیا معاہدہ کیا جا سکے۔