بلند شہر: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں 8 ہندو یاتری ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ریاست اتر پردیش کے شہر بلند شہر میں پیش آیا جہاں یاتریوں کو لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی کو ٹرک نے پیچھے سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے میں 12 بچوں سمیت 40 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی میں کل 61 افراد سوار تھے جو رفت پور گاؤں سے جہرپیر راجستھان جا رہے تھے۔
خیال رہے گزشتہ روز بھی بھارتی پنجاب کے علاقے ہوشیار پور میں جالندھر روڈ پر منڈیالہ اڈہ کے قریب مسافر وین اور ایل پی جی ٹینکر میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔