مقبوضہ کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 4 افراد ہلاک، ایک لاپتہ

Published On 31 August,2025 09:41 am

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے رامبان ضلع کے راج گڑھ علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

رامبان کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارون گپتا کا کہنا ہے کہ ناتنا کے علاقے میں اچانک بادل پھٹنے سے سیلاب آ گیا، جس سے ایک مکان اور ایک سکول کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، اب تک چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ ایک لاپتہ ہے، متاثرین کے اہل خانہ کو فوری امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اگست سے 2 ستمبر تک انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

قبل ازیں ریاسی کے علاقے ماہوڑ کی بددر گاؤں میں 38 سالہ نذیر احمد کے گھر پر رات گئے لینڈ سلائیڈنگ آ گری، جس کے نتیجے میں نذیر احمد، ان کی اہلیہ اور 5 کم عمر بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

بچوں کی عمریں 5 سے 13 برس کے درمیان تھیں، ریسکیو ٹیموں نے لاشیں ملبے سے نکال لی ہیں۔