مودی حکومت کا ہندوتوا ایجنڈا، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے کی کوششیں تیز

Published On 09 October,2025 10:06 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) فاشسٹ مودی حکومت نے اپنے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت مذہبی آزادی سلب کرنے اور اقلیتوں کی شناخت مٹانے کی مہم مزید تیز کر دی، بھارت میں مسلمان، عیسائی، سکھ اور دیگر اقلیتیں شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

بھارتی وزیرِ اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے حالیہ خطاب کے دوران کہا ہے کہ اگر واقعی امن و ہم آہنگی قائم کرنی ہے تو سب کو سناتن دھرم اپنانا ہوگا۔

یوگی کے مطابق "سناتن دھرم ہی سب کی حفاظت اور بھلائی کا راستہ فراہم کرتا ہے اور اگر اسے بچانا ہے تو سنسکرت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا"۔

سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے یہ بیانات بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں، انتہا پسند وزیر اعلیٰ اس سے قبل بھی اتر پردیش میں متعدد مساجد شہید کر چکے ہیں۔

انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر حملے، عبادت کی آزادی پر قدغن اور عقیدے کی جبری تبدیلی بھارت میں مذہبی آزادی کے قتل کے مترادف ہے۔