نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں خواتین کی تذلیل معمول ہے، ایسے میں بھارتی صحافی خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کا واقعہ بھی پیش آ گیا۔
طالبان نے افغان وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کی شرکت پر پابندی لگا دی، خواتین کو لباس کے ضابطے پر پورا اترنے کے باوجود داخلے سے روک دیا گیا۔
اس واقعے پر اپوزیشن رہنماؤں، بھارتی صحافیوں اور کارکنوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، ناقدین نے مودی حکومت پر طالبان کی خواتین دشمن پالیسی کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔
بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے مودی حکومت سے وضاحت طلب کی۔
راہول گاندھی نے ایکس پر پیغام میں کہا مودی آپ ہر ہندوستانی عورت کو یہ پیغام دے رہے ہیں آپ ان کیلئے کھڑے ہونے میں کمزور ہیں، ہمارے ملک میں خواتین کو ہر جگہ مساوی شرکت کا حق حاصل ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے بھارت کا نرم رویہ طالبان کی خواتین مخالف سوچ کی تائید ہے، نئی دہلی کا طالبان حکومت سے قربت بڑھانے کا عمل تشویش ناک قرار دیا گیا ہے۔