ٹیرف دھمکیاں! کولمبیا نے امریکا سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا

Published On 21 October,2025 09:22 am

بوگوٹا: (ویب ڈیسک) کولمبیا پر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات اور ٹیرف دھمکیوں پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی بحران شدت اختیار کر گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا اور امریکا کے درمیان کشیدگی خطرناک موڑ پر پہنچ گئی، کولمبیا نے اپنے سفیر ڈینیئل گارسیاپینا کو فوری طور پر واپس بلا لیا۔

کولمبیا کے بقول یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت بیانات اور مجوزہ تجارتی پابندیوں کے بعد کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے منشیات فروشی کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا اب کولمبیا کو دی جانے والی تمام مالی امداد بھی بند کر دے گا۔

امریکا اور کولمبیا کے درمیان تنازع میں اس وقت اضافہ ہوا جب کولمبیا نے امریکی فوج کی جانب سے کیریبین میں مبینہ منشیات بردار کشتیوں پر حملوں کی مذمت کی۔

امریکی فوج کے ان کشتیوں پر حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کی کولمبیا کے صدر نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

کولمبیا کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کی فائرنگ میں مارے جانے والے تین افراد کا تعلق مقامی غریب خاندان سے تھا، جس پر صدر ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر کو منشیات فروشوں کا لیڈر اور ہمدرد قرار دیتے ہوئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

جواب میں کولمبیا کے صدر پیٹرو نے کہا تھا کہ میں نہ تاجر ہوں، نہ منشیات فروش، میرے دل میں لالچ نہیں، میں کسی صورت کولمبیا کی توہین برداشت نہیں کروں گا۔