عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد تک اضافہ

Published On 13 June,2025 09:56 am

سنگاپور: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔

برینٹ خام تیل 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 75 ڈالر فی بیرل میں فروخت کیا جارہا ہے، یہ دونوں قیمتیں روس-یوکرین جنگ کے بعد کسی بھی دن کے سب سے بڑے اضافے کے طور پر ریکارڈ کی گئیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملہ کیا ہے، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئی ہیں، بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

 ماہرین کے مطابق، اگر ایران نے جوابی کارروائی کے طور پر علاقائی تیل کی تنصیبات یا آبنائے ہرمز کی بندش کی طرف قدم بڑھایا، تو عالمی سطح پر تیل کی فراہمی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس اہم آبی گذرگاہ سے دنیا کا تقریباً 20 ملین بیرل یومیہ خام تیل منتقل ہوتا ہے۔

ایشیائی منڈیوں میں سٹاکس کی قدر میں کمی ہوئی ہے  اور سرمایہ کاروں نے سونے اور سوئس فرانک جیسے محفوظ اثاثوں کا رخ اختیار کیا۔