کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، بسوں کی فروخت میں اضافہ اور ٹریکٹرز کی فروخت میں کمی ہوگئی۔
پاکستان آٹو مینوفیکچرز نے ملکی سطح پر گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں ، بسوں اور ٹریکٹرز کی فروخت بارے ڈیٹا جاری کر دیا جس کے مطابق مئی 2025ء میں گاڑیوں کی فروخت 35 فیصد بڑھ کر 10 ہزار 596 یونٹس سے 14 ہزار 762 یونٹس رہی۔
پاما کے مطابق رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں گاڑیوں کی فروخت 39 فیصد بڑھ کر 1 لاکھ 26 ہزار 226 یونٹس رہی۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2025ء میں موٹرسائیکلوں کی فروخت 26 فیصد بڑھ کر 1 لاکھ 35 ہزار 721 سے 1 لاکھ 50 ہزار 175 یونٹس رہی۔
پاما کے مطابق موٹر سائیکلوں کی فروخت رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں 30 فیصد اضافے سے 13 لاکھ 78 ہزار 131 رہی۔
اس طرح بسوں اور ٹرکوں کی فروخت ایک ماہ میں 17 فیصد اضافے سے 610 یونٹس رہی، بسوں اور ٹرکوں کی فروخت رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں 92 فیصد اضافے سے 4 ہزار 495 یونٹ رہی۔
پاما رپورٹ کے مطابق ٹریکٹرز رواں مالی سال کے گیارہ مہینوں میں 30 فیصد کمی سے 27ہزار کی تعداد میں فروخت ہوئے۔
آٹو ایکسپرٹس کے مطابق شرح سود میں کمی کی وجہ سے آٹو سیکٹر میں لین دین میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔