دوسرا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

Published On 20 December,2020 10:10 am

ہملٹن: (دنیا نیوز) پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست، سیریز بھی ہاتھ سے چلی گئی، نیوزی لینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی۔

کیویز نے شاہینوں کے پَر کتر دیئے، دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے مہمان پاکستان کو9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، محمد حفیظ کے ناٹ آؤٹ ننانوے رنز بھی بے کار گئے۔ سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں بھی کپتان شاداب خان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا پڑا۔ مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ پر ایک سو تریسٹھ رنز بنا سکے، محمد حفیظ نے ذمہ داری دکھائی، ففٹی ٹکائی، 99 رنز پر بھی وکٹ نہ گنوائی، پانچ چھکے، دس چوکے مار کر کیوی بولرز کی خوب پٹائی کی۔

جواب میں کیویز کی پینتیس رنز پر پہلی وکٹ گری، نوجوان ٹِم سیفرٹ ڈٹے رہے، کیرئر کی پانچوں ففٹی بنا کر بھی آؤٹ نہ ہوئے، 84رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، مین آف دی میچ بنے۔ ان کا کامیاب ساتھ کپتان کین ولیمسن نے دیا، وہ 57 کے رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹی 20 میچ 9 وکٹ سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، آخری معرکہ 22 دسمبر کو نیپئر میں ہو گا۔