پاور پلے میں بہتر کھیل پیش نہیں کیا، اس لئے مسلسل دوسرا میچ ہارے: شاداب خان

Published On 20 December,2020 06:18 pm

ہملٹن: (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ پاور پلے میں بہتر کھیل پیش نہ کرنے کی وجہ سے مسلسل دوسرا میچ ہارے ہیں۔ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آئندہ میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا دوسرا میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم میں زیادہ کھلاڑی نئے ہیں، اس لیے تھوڑی مشکل پیش آئی لیکن سینئرز کی رہنمائی لیتے ہوئے ہمیں اپنی غلطیوں سے جلدی سیکھنا پڑے گا۔ میچ کا مثبت پہلو محمد حفیظ کی اننگز تھی۔

شاداب خان نے کہا کہ بابر اعظم کی عدم موجودگی کو بہانہ نہیں بنائیں گے۔اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست سے نیوزی لینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

اتوار کے روزدوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے مہمان پاکستان کو9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں بھی کپتان شاداب خان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا پڑا۔

مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹ پر163رنز بنا سکے۔ محمد حفیظ نے 99 رنز بنائے۔جواب میں نیوزی لینڈ نے میچ 9 وکٹ سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔