بلاوائیو: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی سپنر کیشو مہاراج نے ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقا کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی۔
کیشو مہاراج نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کیلئے 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں۔
35 سالہ مہاراج نے یہ سنگ میل زمبابوے کی پہلی اننگز کے 34 ویں اوور میں حاصل کیا جب انہوں نے حریف کپتان کریگ ایرون کو آؤٹ کیا، اس وکٹ کے ساتھ انہوں نے اپنے ملک کیلئے نئی تاریخ بھی رقم کی۔
کیشو مہاراج جنوبی افریقا کیلئے 200 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے سپنر بن گئے ہیں، انہوں نے 200 وکٹوں کا کارنامہ اپنے 59 ویں ٹیسٹ میں سرانجام دیا۔
جنوبی افریقا کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سابق فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین کے پاس ہے جنہوں نے 93 میچز میں 439 وکٹیں لیں۔
واضح رہے کہ بلاوائیو ٹیسٹ پر جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے، مہمان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 49 رنز بنالیے اور اس کی مجموعی برتری 216 رنز ہو گئی۔
اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کے 418 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔