کراچی: مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 4 ڈاکو گرفتار، لاڑکانہ سے 2 اغواء کار پکڑ لیے

Published On 04 November,2023 07:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص زخمی ہو گیا، مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 4 ملزم زخمی حالت میں جبکہ لاڑکانہ سے 2 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے قیوم آباد میں لوٹ مار کی نیت سے 4 ڈاکو موجود تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران چاروں ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت آصف، یامین، حسین اور سمیر کے ناموں سے ہوئی ہے، قبضے سے 3 پسٹل، دو موٹر سائیکل اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔

دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کرا لیا، اس دوران مبینہ 2 اغواء کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن میں خاتون بھی شامل ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے مبینہ طور پر پنجاب اور سندھ سے خواتین اغوا کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ادھر کراچی کے علاقے ناظم آباد میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر واٹر ٹینکر میں جا لگی جس کے نتیجے میں کار سوار شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، حادثے کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا۔