کراچی: بینک سے 20 لاکھ کی نقدی لوٹنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

Published On 07 October,2025 01:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایس آئی یو کا سٹریٹ کرمنل سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس اورملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کورنگی کراسنگ ندی کے قریب پیش آیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

امجد احمد شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت اعجاز الحق ولد رمیز احمد کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ملزم کا سابق مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا، ملزم پر بینک ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج ہیں، ملزم سال 2022ء نارتھ ناظم آباد میں بنک ڈکیتی میں ملوث رہا ہے۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم نے نجی بینک سے 20 لاکھ نقدی اور سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی چھینا تھا، گرفتار ملزم پر شاہراہ نور جہاں تھانے میں بینک ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم سے ہاؤس رابری کی وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاری ہے۔