کراچی: یو اے ای میں ہیروئن سمگل کرنے والا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب

Published On 09 October,2025 09:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کر کے متحدہ عرب امارات میں ہیروئن سمگل کرنے والا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات سمگلنگ میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن میں 4 خواتین اور ایک فارماسسٹ بھی شامل ہے، کارروائی کے دوران نیٹ ورک کا سرغنہ ندیم خان کو بھی زیر حراست لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کے لیے منشیات کو کیپسولز کی صورت میں پیٹ میں چھپایا جاتا تھا۔

اے این ایف نے بتایا کہ دو ہوائی اڈوں سے چار نوجوان جوڑوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے پیٹ میں ہیروئن سے بھرے کیپسولز چھپائے گئے تھے، اس کے علاوہ، اس نیٹ ورک کے مزید 3 سہولت کار بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔

ترجمان اے این ایف نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی نیٹ ورک غریب اور کم پڑھے لکھے نوجوان جوڑوں کو ورغلا کر منشیات کی ترسیل کیلئے استعمال کرتا تھا، یہ گرفتاریاں ایک بڑی کامیابی ہیں جو نہ صرف منشیات کے سمگلنگ کے خلاف ایک اہم قدم ہے، بلکہ اس نیٹ ورک کے پردے میں چھپے ہوئے خطرات کا بھی پردہ فاش کرتی ہیں۔