جدہ: (دنیا نیوز) سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے نئی عمرہ پالیسی کا اعلان کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق نئے قانون کے تحت ویزا کی ابتدائی مدت یعنی داخلے سے قبل کی مدت 3 ماہ سے گھٹا کر اب ایک ماہ کر دی گئی ہے، تاہم سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد عازمین کو قیام کیلئے پہلے کی طرح 3 ماہ کا وقت ہی ملے گا، یہ اقدام بڑھتی ہوئی عمرہ زائرین کی تعداد کو منظم کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے جس کا اطلاق پاکستان سمیت تمام ممالک کے عمرہ زائرین پر ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے اختتام اور موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، نیشنل کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد بجعفر نے بتایا کہ وزارت کا یہ فیصلہ انتظامی بہتری اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے اٹھایا گیا قدم ہے، نئے نظام سے حکام کو زائرین کی آمد و رفت پر بہتر نگرانی اور سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی جون کے اوائل سے اب تک دنیا بھر سے 40 لاکھ سے زائد زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، یہ تعداد پچھلے سیزنز کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے اور صرف 5 ماہ میں ہی غیر معمولی پیش رفت دیکھی جا رہی ہے۔



