اداکارہ میشا شفیع یوگا ٹیچر بن گئیں

Published On 14 June,2021 05:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ اور گلوکارہ میشا شفیع نے یوگا میں گریجویشن کی تعلیم حاصل کر لی۔

میشا شفیع نے انسٹاگرام پر یوگا گریجویشن مکمل کرکے ٹیچر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے متعلق پوسٹ کی اور بتایا کہ کورونا کی وبا کے دوران سخت شیڈول، مصروفیات کے باوجود 200 گھنٹوں تک تربیت حاصل کی۔

طویل پوسٹ کے ساتھ میشا شفیع نے یوگا گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ملنے والے سرٹیفکیٹ اور میڈل کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ 200 گھنٹوں کی تربیت لینے کے بعد اب وہ باضابطہ طور پر یوگا ٹیچر بن چکی ہیں اور انہیں مذکورہ اعزاز حاصل کرنے پر خوشی اور فخر ہے۔

میشا شفیع نے یوگا کی خصوصیات بتاتے ہوئے لکھا کہ جب سے وہ یوگا سے منسلک ہوئیں، تب سے انہوں نے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں محسوس کیں جب کہ کورونا کی وبا کے دوران یوگا سے منسلک رہنے پر بھی ان کی ذہنی، جسمانی و جذباتی صحت پر مثبت اثرات پڑے۔ ابتدائی طور پر یوگا کے حوالے سے 7 سال قبل دوست نے بتایا تھا اور تب سے خواب تھا کہ یوگا میں گریجویشن کروں اور آخر کار اب خواب پورا ہو گیا۔

یوگا گریجویشن مکمل کرنے پر جہاں انہوں نے اپنے اساتذہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا، وہیں انہوں نے شوہر اور بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ دینے پر ان کی تعریفیں بھی کیں۔

یوگا میں گریجویشن مکمل کرنے پر میشا شفیع کو کئی شخصیات اور مداحوں نے مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ اب وہ دوسروں کو یوگا کی تربیت دیتی دکھائی دیں گی۔

میشا شفیع یوگا کی تربیت کے دوران انسٹاگرام پر ورزش کے دوران کھچوائی گئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی تھیں، انہوں نے کینیڈا میں یوگا سیکھا۔
 

Advertisement