سپریم کورٹ: درختوں کی کٹائی کا کیس، بلوچستان حکومت کی رپورٹ مسترد

Last Updated On 11 April,2018 03:27 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پشین میں درختوں کی کٹائی سے متعلق بلوچستان حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی اور 15 روزمیں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کاحکم دے دیا۔

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پشین میں درختوں کی کٹائی پر ازخودنوٹس کی سماعت کی۔ عدالت عظمیٰ نے بلوچستان حکومت کی پیش کردہ رپورٹ کو مسترد اور رپورٹ تیار کرنے والے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے رپورٹ کسی جاہل نے تیار کی ہے، بلوچستان کے افسران کو آئین پڑھانے کی ضرورت ہے، اٹارنی جنرل افسران کیلئے آئین کی کلاسز کا بندوبست کریں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے استدعا کی کہ سڑک نہ بنی تو مختص کیے گئے فنڈز ضائع ہوجائیں گے، جس پر جسٹس فاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ سڑک بنانے سے نہیں، درختوں کی کٹائی سے روکا ہے، سڑک کیلئے متبادل جگہ بھی موجود ہے۔عدالت نے 15 روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔