قومی اسمبلی: بنیادی حقوق وشہریوں کی ذمہ داریوں سے متعلق بل سمیت کئی ترامیم منظور

Last Updated On 08 May,2018 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے بنیادی حقوق وشہریوں کی ذمہ داریوں، مخنث افراد کے حقوق سے متعلق بل کے علاوہ انسداد بے رحمی حیوانات 1890، پاکستان بیت المال ایکٹ 1991، تعزیرات پاکستان 1860 اورمجموعہ ضابطہ فوجداری1897، انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں ترامیم منظورکرلیں۔

اسپیکرسردارایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، پاکستان شہریت ایکٹ 1951 میں مزید ترمیم کا بل پیش ایم کیوایم کے رکن عبدالوسیم نے بل پیش کیا، انھوں نے کہا کہ قیام پاکستان سےاب تک کئی افراد کو شناختی کارڈ کےحصول میں مشکلات ہیں، ایسے بھی لوگ ہیں جو دادا بن گئے لیکن شناختی کارڈ نہیں بنے۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ اس بل کی مخالفت تو ہونی ہی نہیں چاہیئے تاہم پاکستان شہریت ایکٹ 1951 میں مزید ترمیم کا بل متعلقہ کمیٹی کےسپرد کر دیا گیا۔

ٹورآپریٹرز ٹریول ایجنٹس ریگولیشن بل 2018 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، ایوان میں انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 اور انسداد بے رحمی حیوانات 1890 میں ترامیم کے بل نوید قمر نے پیش کئے جنہیں منظور کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ تعزیرات پاکستان 1860 اورمجموعہ ضابطہ فوجداری1897 اور پاکستان بیت المال ایکٹ 1991 میں ترامیم کے بل بھی منظور کئے گئے۔ قومی اسمبلی نے سوک ایجوکیشن اوربنیادی حقوق وشہریوں کی ذمہ داریوں، مخنث افراد کےحقوق سے متعلق بل بھی منظورکر لئے۔