اسلام آباد: (دنیا نیوز) مودی حکومت کشمیر میں مظالم پر پاکستان کے بیانیے سے پریشان ہو گئی، صحافیوں کے بعد بھارت نے ٹویٹر انتظامیہ سے مراد سعید کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی جسے مسترد کر دیا گیا۔
بھارتی مظالم پر پاکستان کے بیانیے سے مودی حکومت بری طرح پریشان، بھارت کشمیر کے معاملے پر پاکستان سے اٹھنے والی آوازیں دبانے کے درپے ہو گیا۔ صحافیوں کے بعد سیاستدانوں کے سوشل میڈیا اکاونٹس بند کروانے کی کوشش شروع کر دی، بھارتی حکومت نے ٹویٹر انتظامیہ سے مراد سعید کا اکاونٹ بند کرنے کی درخواست کر دی۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے مقبوضہ وادی کے بد ترین حالات پر ٹویٹ کیا تھا "کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے، ہم بھارتی جارحیت کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے۔"
بھارتی وزارت داخلہ سے شکایت موصول ہونے پر ٹویٹر انتظامیہ نے مراد سعید سے رابطہ کیا جس کے بعد بھارت کی جانب سے مراد سعید کا ٹویٹر اکاونٹ بند کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی، بھارت کی جانب سے کی گئی شکایت سے مراد سعید کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا تھا۔