ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین نے ہی جہازکے رخ موڑنے کا جواب دینا ہے۔
ملتان میں میڈیا بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی سے سوال پوچھا گیا کہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جہاز کا رُخ کسی طرف بھی جا سکتا ہے، اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جس کا جہازہے اس نے ہی اپنے جہازکے رخ موڑنے کا جواب دینا ہے، میرے پاس تو جہازنہیں ہے، پی ٹی آئی کا ایک ہی کپتان عمران خان ہیں۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے لیگی سینئر رہنما کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں، ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔
اس موقع پر صحافی نے پی ٹی آئی رہنما سے سوال پوچھا کہ آپ کا جہاز کبھی ن لیگ کی طرف جا سکتا ہے اس پر جواب دیتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔
اسی دوران صحافی کی طرف سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سوال پر جہانگیرترین مسکراتے رہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران شاہ محمود نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومتوں کا مدت پوری کرنا اچھی روایات ہے، 2013ء میں (ن) لیگ نے 5 سال مکمل کیے، 2018میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی، کوئی تحریک چلانا چاہتا ہے توان کا حق ہے کوئی گھبراہٹ، خوف نہیں، ہمیں اپوزیشن کی تحریک سے کوئی پریشانی نہیں۔