میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کورنگی کازوے پر پل کی تعمیر کا افتتاح کر دیا

Published On 20 July,2023 03:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کورنگی کازوے پر پل کی تعمیر کا افتتاح کر دیا۔

افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران کورنگی کازوے زیر آب آ جاتا تھا، ہر سال بارشی پانی کے فلو کی وجہ سے یہ سڑک غائب ہو جاتی تھی، آج بلاول بھٹو زرداری کی حکومت مسئلے کا حل دینے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی کاوش پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کا شکر گزار ہوں، سندھ گورنمنٹ نے اس پروجیکٹ کیلئے ساڑھے 4 ارب روپے منظور کئے ہیں، ہمارا ٹارگٹ ہے 12 ماہ میں اس پل کو تعمیر کریں گے، لوگوں کو کام اور بہتری ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے، لوگوں کا اعتماد پیپلز پارٹی کی قیادت پر بڑھتا جا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ الزامات اور تنقید کی سیاست ہوتی ہے، کچھ لوگ تفریق و تنقید کی سیاست کرتے ہیں، آپ لوگ تنقید کی سیاست کریں، پیپلز پارٹی ترقی و بہتری کی سیاست کرے گی، یہ ترقی اور بہتری اسی طریقے سے جاری رہے گی، جو جو وعدہ لوگوں سے کیا وہ پورا کریں گے۔