سپریم کورٹ: عام انتخابات سے متعلق کیس آج ہی سماعت کیلئے مقرر ہونے امکان

Published On 15 December,2023 05:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں عام انتخابات سے متعلق کیس آج ہی سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن اور اٹارنی جنرل بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے چیف جسٹس سے لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر سے پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو کی، چیف جسٹس کی معاملے پر سینئر ججز سے مشاورت جاری ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کروانے کا حکم دے رکھا ہے، اگر عام انتخابات 8 فروری کو ہونے ہیں تو الیکشن کمیشن کو آج یا کل تک الیکشن شیڈول جاری کرنا ہوگا، آئینی اور قانونی طور پر انتخابی شیڈول 54 دن کا ہوتا ہے، انتخابی شیڈول کے مطابق 17 دسمبر پہلا دن اور 8 فروری 54واں دن بنتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے بدھ کی رات ضلعی انتظامیہ کو ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات کرنے سے روکا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی ملک بھر میں تربیت روک دی تھی، موجودہ صورت حالمیں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہوگیا توکاغذات نامزدگی کون دے گا اور کون وصول کرے گا؟۔