عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے: آصف زرداری

Published On 16 December,2023 11:48 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔

اپنے دورہ پشاور کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے فیصلوں میں اٹل ہوتے ہیں، ان کے فیصلہ پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ کارکن عام انتخابات کی تیاری کریں، پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرے گی، گورنر نے پشاور آنے کی دعوت دی تھی، ان کی دعوت پر پشاور آگیا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا اجلاس، الیکشن شیڈول اور انتخابی مہم پر تبادلہ خیال

اس سے قبل پشاور پہنچنے پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سابق صدر آصف علی زرداری کو گلدستہ پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اتوار کے روز پشاور میں سابق صوبائی وزیر ضیاءاللہ آفریدی کے صاحبزادے کی تقریب نکاح میں شریک ہوں گے، سابق صدر اتوار کے روز پشاور میں پارٹی کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔