کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت کی چھت گر گئی جس سے 2 خواتین جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔
لیاری کی کھڈا مارکیٹ کے قریب عمارت کی چھت گری، ملبے تلے دب کر رہائشی زخمی ہوئے، زخمی خواتین میں 40 سالہ سکینہ ،18 سالہ حاجرا اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ایک زخمی خاتون دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے جس سے جاں بحق خواتین کی تعداد دو اور زخمی خواتین کی تعداد تین ہو گئی۔
حکام کے مطابق عمارت کی پانچویں منزل کے فلیٹ کی چھت چوتھی منزل کے فلیٹ پر گری، زخمیوں کو ملبے سے نکالا جا رہا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین بہنیں ہیں اور واقعہ میں زخمی ہونے والی ان خواتین کی بیٹیاں ہیں۔
واضح رہے کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں حالیہ دنوں ایک عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے بعد کراچی میں سینکڑوں عمارتوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن کی حالت مخدوش ہے۔