ویسٹ ایشیا بیس بال کپ: سیمی فائنل میں پاکستان کا بھارت سے ٹاکرا

Last Updated On 17 July,2019 11:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا نے چودھویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کے سیمی فائنلز میں قدم جمالئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سیمی فائنل کے مرحلے میں گرین شرٹس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہو گا جہاں قومی ٹیم جیت کا عزم لیے انڈین ٹیم سے ٹکرائے گی جبکہ سری لنکا کا مقابلہ ایران سے ہو گا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کے دوسرے دن پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-17 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں ہی 8 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی۔ عبیداللہ، محمد عبداللہ، محمد امین، ارسلان، اسد، صادق آفریدی، فضل نے 2-2 جبکہ محمد رفیع، سمیر زوار اور عمیر نے1-1 رن بنایا جبکہ سری لنکن ٹیم نے نیپال کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-18 رنز سے ہرایا۔

کولمبو میں ٹیم کے ہمراہ موجود صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال و ممبر ایٹ لارج بیس بال فیڈریشن آف ایشیا سید فخر علی شاہ نے سیمی فائنلز میں رسائی پر پاکستان کپتان حافظ عثمان، ٹیم آفیشلز محسن خان، پرویز احمد شیخ، مصدق حنیف، سید بابر شیرازی، باسط مرتضیٰ ، شاہ محمد، سمیع اللہ و دیگر آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سری لنکا میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو سب سے بلند لہرانے کے لئے سیمی فائنل اور پھر فائنل میں کامیابی حاصل کرکے کپ جیتیں گے۔