اینیٹ کونٹاویٹ کا ومبلڈن اوپن کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

Published On 22 June,2023 02:40 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) استونیا کی معروف ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر دو اینیٹ کونٹاویٹ نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اینیٹ کونٹاویٹ کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان فٹنس مسائل کے باعث کیا گیا ہے۔

معروف ٹینس سٹار نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ  وہ رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف میں مبتلا ہوں جس کی وجہ سے کھیل کی تربیت اور کھیلنے میں مشکل محسوس کرتی ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں ومبلڈن اوپن کے بعد مسابقتی ایتھلیٹ کے طور پر اپنا کیریئر ختم کر رہی ہوں۔