روسی کھلاڑی زووناریوا کو پولینڈ میں داخلے سے روک دیا گیا

Published On 23 July,2023 12:39 am

وارسا : ( دنیا نیوز ) روس کی معروف خاتون ٹینس سٹار ویرا زووناریوا کو پولینڈ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

38 سالہ ٹینس سٹار نے پیر سے شروع ہونے والے وارسا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی تھی، پولش حکام کے مطابق سابق عالمی نمبر دو کو ریاستی سیکورٹی اور عوامی تحفظ کی وجہ سے ملک میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔

دوسری جانب پولینڈ کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ویرا ان لوگوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں جنہیں ملک میں ناپسندیدہ سمجھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے پولینڈ یوکرین کے سخت ترین اتحادیوں میں سے ایک بن گیا ہے اور ان لوگوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہا جو روس اور بیلاروس کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ زووناریوا نے مارچ 2022 میں میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران جنگ کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کو بیلاروس کی حمایت حاصل رہی ہے جس کی وجہ سے روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس پر کئی کھیلوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہے۔